گیمبیا کے وزیر کا پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی پر اظہار تحسین، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور

33

اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی):گیمبیا کے وزیر برائے ابلاغ و ڈیجیٹل معیشت، لامین جبی اسق، نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت میں ہونے والی ترقی متاثر کن ہے اور گیمبیا پاکستان سے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا، “ہمیں  دو روزہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری  ڈیجیٹل فورم میں شرکت کی دعوت دی گئی، اور ہمیں اس کا حصہ بننے پر خوشی ہے۔”انھوں نے کہا کہ دنیا میں اس وقت بڑے پیمانے پر تبدیلیاں آ رہی ہیں اور معلوماتی ٹیکنالوجی تقریباً ہر چیز کو بدل رہی ہے اور  کہا کہ گیمبیا اور پاکستان کے درمیان 1967 سے مضبوط سفارتی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک نے اقوامِ متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔

پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں حالیہ پیش رفت کے بارے میں انھوں نے کہا،”پاکستان میں جو 25.5 فیصد ترقی دیکھنے کو ملی ہے، خاص طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری کے میدان میں، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ہم یہ جاننے کے لیے یہاں آئے ہیں کہ پاکستان یہ سب کیسے کر رہا ہے، اور ہم اس سے کیا سیکھ سکتے ہیں۔”

انھوں نے کہا کہ گیمبیا پاکستان کے ساتھ انسانی وسائل کی تربیت، صلاحیت سازی اور کاروباری شراکت داری جیسےشعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا”ہم دیکھ رہے ہیں کہ پاکستانی نوجوان نئے اسٹارٹ اپس کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، پاکستان کے لیے کام کرنے کو تیار ہیں۔ یہ وہ جذبہ ہے جس سے سیکھا جا سکتا ہے، اور یہ ترقی کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔”

انھوں نے وزیر اعظم پاکستان اور دیگر حکومتی نمائندگان کی تقاریر کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے ایونٹس سیکھنے اور اشتراک کے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔