اسلام آباد،11 اپریل(اے پی پی ): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جی سی سی آئی) کے زیر اہتمام منعقدہ “ایکسپو 2025 – ایس ایم ایز ٹریڈ فیئر” کا دورہ کیا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔
اپنے دورے کے دوران ہارون اختر خان نے گوجرانوالہ کی بزنس کمیونٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شہر تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ایس ایم ایز کا سب سے بڑا کاروباری مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ کی صنعتی شعبے، جن میں سیرامکس، سینیٹری، پلاسٹک، ہوم اپلائنسز، خوراک اور مشروبات شامل ہیں، ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی پالیسیوں کا محور کاروبار کو سہولت فراہم کرنا ہے اور حکومت کی اولین ترجیح ایز آف ڈوئنگ بزنس اور سہولت مراکز کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار دوست ماحول ہی معاشی خوشحالی کی بنیاد ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ گوجرانوالہ کی تجارتی برادری پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، اور ان کی کاوشیں واقعی قابل تحسین ہیں۔