ہارون اختر خان کی زیر صدارت مینوفیکچرنگ سیکٹر کو کریڈٹ کی فراہمی میں آسانی پیدا کرنے کے لیے قائم کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس

0

اسلام آباد، 24 اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں آج مینوفیکچرنگ سیکٹر کو کریڈٹ کی فراہمی میں آسانی پیدا کرنے کے لیے قائم کمیٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کی۔

اجلاس میں مینوفیکچرنگ سیکٹر کے لیے فنانسنگ کے مواقع بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ ہارون اختر نے اس بات پر زور دیا کہ صنعتی ترقی کے لیے کریڈٹ تک آسان رسائی ناگزیر ہے، اور کریڈٹ فراہمی میں درپیش رکاوٹوں اور پالیسی مسائل کو حل کرنا ضروری ہے تاکہ اس شعبے کی استعداد اور مسابقت میں اضافہ ہو سکے۔

اجلاس میں قرضوں کی فراہمی میں موجود چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ کمیٹی نے اس امر پر زور دیا کہ صنعتکاروں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے بینکاری شعبے کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

ہارون اختر نے حکومت کی جانب سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کی مکمل معاونت کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کو کریڈٹ فراہمی آسان بنانے کے اقدامات بھی زیرِ غور ہیں۔

کمیٹی کو ہدایت دی گئی کہ وہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو درپیش اہم مسائل کی نشاندہی کرے اور پالیسی تجاویز مرتب کرے تاکہ بروقت اور مؤثر کریڈٹ معاونت یقینی بنائی جا سکے۔