اسلام آباد ، 30 اپریل ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمارا مقصداسلام آباد کو عوامی سہولتوں کے حوالے سے عالمی معیار کا شہر بنانا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رات گئے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کے دورے کے دوران تعمیراتی کام کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے شاہین چوک مارگلہ روڈ اور فیض آباد انٹرچینج کا بھی معائنہ کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکارڈ مدت میں منصوبے کی تکمیل کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں۔
وزیر داخلہ نے جناح سکوائر سے فیض آباد چوک تک شاہراہ کو ماڈل روڈ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جناح سکوائر سے فیض آباد چوک تک شاہراہ پر خوبصورت لائٹس لگائی جائیں اور لینڈ سکیپنگ کی جائے۔ اس کے علاوہ داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ روڈ پر شاہین چوک کا بھی دورہ کیا اورٹریفک کے رش کے خاتمےکیلئے مارگلہ روڈ کو مرحلہ وار سگنل فری بنانے کی ہدایت جاری کی۔
وزیر داخلہ نے فیض آباد انٹرچینج کی ری ماڈلنگ پر کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیض آباد انٹرچینج اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان اہم ترین کنکشن ہے، فیض آباد انٹرچینج کو کشادہ کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری لائی جا سکے۔
اس موقع پر موجود چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبوں سے متعلق وزیر داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے، منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا-
انہوں نے کہا کہ مارگلہ روڈ پر سب سے زیادہ رش شاہین چوک کے مقام پر ہوتا ہے، جبکہ شاہین چوک پر انڈر پاس کی تعمیر مارگلہ روڈ پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گی۔