کمشنر ملتان ڈویژن نے گورنمنٹ گرلز سیکنڈری سکول کوٹلہ تولے خاں کی جدید سہولیات سے آراستہ عمارت کا افتتاح کر دیا

6

ملتان 21مئی (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے گورنمنٹ گرلز سیکنڈری سکول کوٹلہ تولے خاں کی نئی اور جدید سہولیات سے آراستہ عمارت کا افتتاح کر دیا، جو 17 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے۔ یہ سٹیٹ آف دی آرٹ تعلیمی ادارہ جدید تعلیمی تقاضوں کے عین مطابق تعمیر کیا گیا ہے، جس میں طالبات کی تعلیم، تربیت اور سہولت کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

 کمشنر عامر کریم خاں نے اسکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، کلاس رومز، لیبز اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا ، طلبہ سے ملاقات کر کے ان کے تعلیمی تجربات سنے۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اب کرایہ کی عمارت میں قائم گورنمنٹ ایم سی پرائمری اسکول کو نئی عمارت میں منتقل کر کے مکمل فعال کر دیا گیا ہے، جہاں پلے گروپ سے دہم جماعت تک کی طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

ڈی سی ملتان محمد علی بخاری نے کہا کہ تعلیمی ترقی، خاص طور پر بچیوں کی تعلیم، موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ایسی معیاری عمارتوں کی فراہمی سے نہ صرف تعلیمی ماحول بہتر ہوگا بلکہ والدین کا سرکاری اداروں پر اعتماد بھی بحال ہوگا۔

جبکہ کے سی ای او ایجوکیشن صفدر حسین واہگہ کی جانب سے کمشنر عامر کریم خاں کو اسکول کی تعمیر، تعلیمی سرگرمیوں، سہولیات اور موجودہ تدریسی نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔