اسلام آباد میں ڈیجیٹل تشہیر کو فروغ دینے کیلئے سی ڈی اے کا اہم اجلاس، ماحول دوست اقدامات پر زور

9

اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ممبر ایڈمن، ممبر فنانس، سی او ایم سی آئی، ڈائریکٹر ڈی ایم اے اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تشہیر کے جدید طریقوں پر تفصیلی غور کیا گیا، خاص طور پر ڈیجیٹل بورڈز اور اسٹریمرز کے استعمال پر تبادلہ خیال ہوا۔ شرکاء نے ماحول دشمن پلاسٹک بل بورڈز اور بینرز کی حوصلہ شکنی پر اتفاق کیا اور ان کی جگہ ماحول دوست، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیجیٹل اسٹمریز متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈیجیٹل تھری ڈی اشتہارات کو فروغ دیا جائے گا اور ان اشتہارات کو اسلام آباد کی مزید شاہراہوں، کمرشل مراکز، میٹرو اور الیکٹرک بس اسٹیشنز پر نصب کیا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے وال چاکنگ کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے ڈی ایم اے کو ذمہ داری سونپی کہ شہر کی تمام شاہراہوں، انڈر پاسز اور فلائی اوورز کو وال چاکنگ سے محفوظ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو خوبصورت اور جدید ترین ڈیجیٹل شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ اسے دنیا کا خوبصورت ترین دارالحکومت بنایا جا سکے۔یہ اقدامات نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو بڑھائیں گے بلکہ تشہیری طریقوں میں بھی ایک انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔