اسلام آباد: وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس،غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فوری آپریشن کا فیصلہ

4

اسلام آباد، 25 مئی ( اے پی پی):  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت  اجلاس منعقد ہوا،اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فوری آپریشن کا فیصلہ  کیا گیا جبکہ   بغیر منظور شدہ  گھروں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا گیا- اسکے علاوہ غیر منظور شدہ ہاوسنگ سوسائٹیز کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا-دورانِ اجلاس وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہمتعلقہ افسران اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم (لمز) کے ذریعے سیٹلائٹ میپنگ کرکے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات کو روکا جائے-

انکا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں شہریوں کو عالمی معیار کی خدمات کی فراہمی آپ سب کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے جبکہ  شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے۔

محسن نقوی نے    متعلقہ ایس پیز اور  اے سیز کو فعال انداز میں فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں پولیس اور انتظامیہ کے  امیج کو بہتر بنانا ہے اور یہ اس وقت ممکن ہے جب شہری خود آپ پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے متعلقہ افسران نئے انیشیٹو لے کر آئیں، اس پر عمل میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا-

اس کے علاوہ اجلاس میں وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول یقینی بنانے کی ہدایت کی اورعیدالاضحی کے دنوں میں شہر کی صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کا حکم دیا-