اسلام آباد کو ٹریفک نظام ،سہولتوں کے حوالے سے عالمی معیار کا شہر بنانا پہلی ترجیح ہے، وزیر داخلہ

14

‎اسلام آباد، 11 مئی( اے پی پی): وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو  ٹریفک نظام اور سہولتوں کے حوالے سے عالمی معیار کا شہر بنانا پہلی ترجیح ہے۔     یہ بات انہوں نے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کے دورے کے دوران  پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور  رواں ماہ کے دوران100 فیصد کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

‎وزیرداخلہ  نے پراجیکٹ کے اطراف  گرین ایریاز اور بہترین لینڈسکپینگ کرنے کی ہدایت کی اورانڈر پاس کے قریب  زیر تعمیر پل کا بھی معائنہ کیا وزیر داخلہ نے  ایکسپریس وے پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری کارروائی کا  حکم دیا اور اعلان کیا کہ 22 مئی  کو  جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس کا افتتاح ہوگا۔اس موقع پر موجود چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے پراجیکٹ کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر ترقیاتی کام 75 فیصد تک مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ بارشوں اور موسمی حالات کے باوجود ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے  گا۔