ایس ڈی جی پالیسی ڈائیلاگ فار ایکشن کا انعقاد، مصدق ملک کا ماحولیاتی بحران پر فوری اقدامات پر زور

20

اسلام آباد، 06مئی (اے پی پی):پاکستان میں ایس ڈی جی پالیسی ڈائیلاگ فار ایکشن  کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کو اپنی ترقیاتی ترجیحات پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت ملک ترقی کے بجائے ماحولیاتی مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقیاتی منصوبوں میں پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کو مؤثر طریقے سے شامل نہیں کیا گیا، جو کہ تشویش کا باعث ہے۔

انہوں نے مزید کہا، “ہم پانی کی قلت کے دہانے پر ہیں، مگر ہماری اجتماعی سوچ اور رویے اس خطرے کی سنگینی کو سمجھنے میں ناکام ہیں۔” وفاقی وزیر نے کہا کہ آلودہ شہر، گندہ پانی اور کچرے کے نظام کی خراب صورتحال ہماری ترجیحات پر سوالیہ نشان ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ترقی کا مفہوم صرف انفراسٹرکچر کی تعمیر نہیں، بلکہ باوقار زندگی اور محفوظ مستقبل کی تشکیل ہے۔

انہوں نے ماحولیاتی فنانس تک رسائی کی بہتری کی ضرورت پر زور دیا اور تمام شراکت داروں سے درخواست کی کہ وہ فوری اور مربوط اقدامات اٹھائیں تاکہ پاکستان پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔