بجلی کی سرکاری پیداواری کمپنیوں کے پاور پلانٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ مکمل

9

اسلام آباد، 19 مئی (اے پی پی): بجلی کی سرکاری پیداواری کمپنیوں کے پاور پلانٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، جس میں مجموعی طور پر 2362 میگاواٹ کے تین پاور پلانٹس نیلامی کے لیے پیش کیے گئے۔

880 میگاواٹ کے جامشورو پاور پلانٹ کے لیے ایک خریدار کمپنی سامنے آئی ہے۔ صدیق اینڈ سنز کمپنی نے جامشورو تھرمل پاور پلانٹ کی خریداری کے لیے بولی لگائی، جبکہ حکومت نے اس پلانٹ کی ریزرو پرائس 9 ارب 97 کروڑ روپے مقرر کی تھی۔

دوسری جانب جنکوز ٹو کے 6 پاور پلانٹس کی نیلامی کا عمل مؤخر کر دیا گیا ہے۔ نیلامی کا عمل اب 30 مئی کو دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ جنکوز تھری کے لیے کوئی بھی بولی دہندہ سامنے نہیں آیا، حالانکہ اس کے تحت مظفرگڑھ اور فیصل آباد پاور اسٹیشن شامل ہیں جن کی مشترکہ پیداواری صلاحیت 1482 میگاواٹ ہے۔

حکام کے مطابق نیلامی کے عمل میں شفافیت اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔