بھارتی افواج کی بلا اشتعال جارحیت،پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے پانچ لڑاکا طیارے مار گرائے، سینیٹر مشاہد حسین سید

42

اسلام آباد، 07 مئی (اے پی پی): سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ بھارتی افواج کی بلا اشتعال جارحیت کے نتیجے میں کم از کم 26 پاکستانی شہری شہید جبکہ 46 زخمی ہو ئے،بھارتی افواج نے پاکستانی علاقے پر میزائل فائر کیے جن سے عام شہری نشانہ بنے۔

انہوں نے اے پی پی سے بدھ کو گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) نے بروقت اور موثر جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے پانچ لڑاکا طیارے مار گرائے۔ تباہ شدہ طیاروں میں تین رافیل، ایک مگـ29 اور ایک ایس یوـ30 شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو رافیل جیسے طیارے کھونے سے ایک ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر انتہا پسند تنظیموں پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں مگر بھارت میں آر ایس ایس سے تعلق رکھنے والے نریندر مودی کو وزیراعظم بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مودی نے مذہبی جذبات کو بھڑکانے کی کوشش کی اور اس کارروائی کو “آپریشن سندور” کا نام دیا، جو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور خطرناک مہم جوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جغرافیائی لحاظ سے چھوٹے ممالک نے بڑی طاقتوں کو شکست دی ہے۔