اسلام آباد،07مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے اندر حملہ کر کے بزدلی کا مظاہرہ کیا، پاکستان کی موثر اور فیصلہ کن جوابی کارروائی کے بعد بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔
بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں نہتے شہریوں،عورتوں، بچوں اور مساجد کو نشانہ بنایا جو جنگی اخلاقیات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا کئی گنا زیادہ جواب دیا، دشمن کے پانچ جنگی طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا جبکہ لائن آف کنٹرول پر متعدد بھارتی پوسٹیں تباہ کر دی گئیں۔
وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف جنگی اہداف کو نشانہ بنایا، کسی شہری کو نشانہ نہیں بنایا گیا کیونکہ ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ اصولوں کی مکمل پابند ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جنگ کے بھی آداب ہوتے ہیں،دشمن بھی ہو تو کم ظرفی نہیں ہونی چاہئے کہ شہریوں کو نشانہ بنایا جائے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دلیری سے صورتحال کا مقابلہ کیا ہے، پوری پاکستانی قوم آج اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔











