‎بھارت کا بلا اشتعال، بزدلانہ اور غیر قانونی جنگی اقدام پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہے ، وزیراعظم  شہباز شریف

25

اسلام آباد،7مئی (اے پی پی):قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کے بلا اشتعال، بزدلانہ اور غیر قانونی جنگی اقدام کو پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع میں معصوم جانوں کے ضیاع اور اس کی خودمختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا بدلہ لینے کے لئے اپنی مرضی کے وقت، مقام اور انداز میں جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اجلاس وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں منعقد ہوا۔

 اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی علاقائی سالمیت کا پرعزم طریقے سے دفاع کیا ۔

اجلاس میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی ۔

این ایس سی نے بھارت کے بلا اشتعال، بزدلانہ اور جنگ کےغیر قانونی اقدام سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر غور کیا۔

پاکستان کی مسلح افواج کو اس ضمن میں برابر کے اقدامات کرنے کا باضابطہ اختیار دے دیا گیا ہے۔ قوم مزید کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم اور تیار ہے ۔ این ایس سی نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے بلا اشتعال غیر قانونی اقدامات کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اوراصولوں کی کھلی خلاف ورزیوں کے لئے جوابدہ بنائے ۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان عزت اور وقار کے ساتھ امن کے لئے بدستور پرعزم ہے اور اعادہ کرتا ہے کہ وہ کبھی بھی اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دے گا اور نہ ہی اپنے قابل فخر عوام کو کوئی نقصان پہنچانے دے گا۔