بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا،پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، عطاء اللہ تارڑ

16

اسلام آباد، 05 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

لائن آف کنٹرول کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر میں مبینہ دہشت گرد کیمپس کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے، اور اس جنگ میں ملک نے نوے ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارتی نیول افسر کلبھوشن یادیو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور وہ پاکستان کی حراست میں ہے۔

انہوں نے جعفر ایکسپریس واقعے کو دنیا کے المناک ترین حادثات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے اس سانحے پر خوشی منائی اور دہشت گردوں سے حاصل کی گئی فوٹیج کو نشر کیا، جو انتہائی افسوسناک رویہ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ بھارت امریکہ اور کینیڈا میں سکھ رہنماؤں کے قتل میں ملوث ہے، جس سے اس کی عالمی سطح پر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں شمولیت عیاں ہوتی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، مگر اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔