اسلام آباد، 23 مئی (اے پی پی): ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے جمعہ کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دیے جانے والے حالیہ بیانات میں استعمال کی گئی زبان کو افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان متعدد بار بھارت کو خبردار کر چکا ہے کہ وہ اس طرح کی زبان اور رویئے سے باز رہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے موجودہ حالات میں اس قسم کی اشتعال انگیز زبان کا استعمال نہایت غیر ذمہ دارانہ ہے۔
بھارت کے ساتھ جنگ بندی کی حالیہ مفاہمت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان 10 مئی کو ہونے والے جنگ بندی کے اعلان پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے کشیدگی میں کمی اور استحکام کی بحالی کے لیے اقدامات کیے ہیں، تاہم اگر بھارت کی جانب سے دوبارہ کوئی جارحانہ قدم اٹھایا گیا تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ کشیدگی میں کمی کی کوششیں کامیاب ہو سکیں لیکن اگر بھارتی بیانات سے کوئی خطرہ پیدا ہوا تو پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔