تجارت اور تجارتی سہولیات کے فروغ پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز

12

اسلام آباد، 29 مئی (اے پی پی): سنٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کارپوریشن  اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے باہمی اشتراک سے پانچویں سالانہ بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح جمعرات  کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال اور وفاقی وزیر برائے توانائی اویس احمد خان لغاری نے کیا۔

کانفرنس کا موضوع “تجارت اور تجارتی سہولیات کا فروغ” تھا، جو موجودہ دور کے معاشی چیلنجز اور مواقع کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل رہا۔

بین الاقوامی سطح کی اس کانفرنس میں چین، جارجیا، سنگاپور، سعودی عرب، قازقستان، آذربائیجان، ازبکستان، تاجکستان، ترکی، ترکمانستان، اور کرغزستان سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے معاشی ماہرین، محققین اور پالیسی ساز شریک ہوئے۔

یہ کانفرنس اسلامی ترقیاتی بینک، یونیورسٹی آف سرگودھا، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ یونین، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE)، منزل پاکستان، ڈی اے آئی، ایس ڈی پی آئی، PIPFA، اور ایکو سائنس فاؤنڈیشن سمیت دیگر اہم اداروں کے تعاون سے منعقد کی گئی، جبکہ ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک جیسے عالمی اداروں کی شرکت نے اس کانفرنس کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔

یہ دو روزہ کانفرنس خطے کے سٹیک ہولڈرز کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنے میں کامیاب رہی تاکہ وہ آپس میں تجارتی روابط کو فروغ دیں، پالیسی سازی میں بہتری لائیں، اور تحقیقی سرگرمیوں کو مربوط کر سکیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا، پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا راز مؤثر تجارت میں مضمر ہے۔ اگر ہم پاکستان کو ایک جدید فلاحی ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں تجارتی سہولیات کے فروغ پر خصوصی توجہ دینی ہو گی۔