تمام بین الاقوامی کھلاڑیوں کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے واپس آکر پی ایس ایل کو چار چاند لگائے؛حیدر اظہر

26

راولپنڈی، 20 مئی ( اے پی پی):کراچی کنگز کے ٹیم ڈائریکٹر حیدر اظہر نے کہا ہے کہ تمام بین الاقوامی کھلاڑیوں کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے واپس آکر پی ایس ایل کو چار چاند لگائے۔

کراچی کنگز کے ٹیم ڈائریکٹر حیدر اظہر نے ہیڈ کوچ روی بوپارہ کے ہمراہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ پلے آف مرحلے میں ٹیم کو دوسری اننگز کےلئے چیلنج اور تیار کرنے کے لیے کیا گیا۔

 روی بوپارہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے دوبارہ آ کر کرکٹ کا حصہ بننا میرے لیے کبھی بھی مشکل فیصلہ نہیں تھا میں نے ساری عمر کرکٹ کھیلنے میں ہی گزاری ہے،  کراچی کنگز کا پورا سکواڈ ہونے کا کریڈٹ ٹیم مینجمنٹ کو جاتا ہے جنہوں نے تمام بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ رابطہ قائم رکھا اور ان کا خیال رکھا۔

حیدر نے کہا کہ مڈل اور لور مڈل آرڈر میں ہمیں جو نتائج درکار تھے اور جن کھلاڑیوں پر ہم رسک لے سکتے تھے وہ امید پر پورا اترے اور ہمیں کافی اعتماد ملا ہے۔روی پوبارہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہمیں گروپ سٹیج میں دو دفعہ ہرایا، وہ دوسری پوزیشن پہ کھیلنے کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں زیادہ ڈراپ کیچ دیکھنے کو ملے لیکن اس کنڈیشن میں اونچا کیچ پکڑنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے انتہائی پر اعتماد اور اچھی اننگز کھیلی جس پر ان کو کریڈٹ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کا سکواڈ اور کھلاڑی آپس میں بہت پر اعتماد اور یکجا ہو کر کرکٹ کھیلتے ہیں جس پر مجھے بہت زیادہ خوشی ہے۔

اے پی پی/احسن/نورین