خانیوال ،12 مئی (اے پی پی ): وزیر اعظم میاں شہباز کی ہدایت پر بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج کی شاندار کامیابی پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اظہار تشکر ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، شاندار کامیابی پر جشن کا سماء، مٹھائی بھی تقسیم کی گئی اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا ۔
ریلی میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا سلیم حنیف ،وکلاء،تاجروں علماء کرام، ممبران امن کمیٹی، ریسکیو اہلکاروں، صحافیوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکا پر دکانداروں کی جانب سے گلپاشی کی گئی۔ ریلی کے دوران فضا اللہ اکبر، پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی تھی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چوک سنگلاں والا میں آتشبازی کاشاندار مظاہرہ کیا گیا، بڑی سکرین لگا کر ملٹی میڈیا پر ملی نغمے اور ترانے چلائے گئے۔ اظہار تشکر ریلی کا مقصد پاک فوج کو شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کرنا اور یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔











