اسلام آباد، 06 مئی (اے پی پی ):قومی اسمبلی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پیدا ہونیوالی علاقائی صورتحال اور بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات پر بحث جاری رکھی۔ارکان پارلیمنٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے عزم پر متحد ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اگلے محاذ پر اطلاعاتی جنگ بھی لڑ رہا ہے۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ بھارت نے ہمارے اکاؤنٹس بلاک کردیے ہیں اور پاکستان نے ایڈور ٹائزنگ ائیر ٹائم خرید کر جیو ٹیگنگ کے ذریعے بھارتی یوٹیوب چینلز پر اپنی مسلح افواج کا ایک گانا چلا کر اس کا بھرپور جواب دیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم عالمی برادری کے سامنے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کو سفارتی محاذ پر بھی شکست دی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان صف اول کا ملک ہے۔ انہوں نے اس جنگ میں پاکستان کے نقصانات کا بھی ذکر کیا۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ہمارے پاس پاکستان میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناقابل تردید اور ٹھوس شواہد ہیں اور کہا کہ بھارت سکھوں کے قتل عام میں بھی ملوث ہے۔