سرگودھا یونیورسٹی اور سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن انسٹیٹیوٹ کے درمیان پانچ سالہ ایم او یوپر دستخط

13

اسلام آباد،30مئی (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا اور سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن انسٹیٹیوٹ کے درمیان پانچ سالہ ایم او یوپر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد کیریک خطے میں علمی اور پالیسی تعاون کو فروغ دینا ہے۔جمعہ کو کاریک انسٹیٹیوٹ سالانہ ریسرچ کانفرنس میں یہ معاہدہ کیریک انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر چری محمد شالیئیف اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کے درمیان طے پایا، جس میں خطے میں علمی تبادلے اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ وژن پر زور دیا گیا۔

تقریب کی صدارت وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ، اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، نے کی۔ اس معاہدے کا مقصد تحقیق، استعداد کار میں اضافے اور پالیسی سازی میں مشترکہ مہارت کو بروئے کار لا کر مشترکہ خوشحالی اور علاقائی انضمام کو فروغ دینا ہے۔تعاون کے کلیدی شعبوں میں شامل ہیں۔ڈیجیٹل معیشت اور پائیدار ترقی پر مشترکہ مطالعات،بین الاقوامی کانفرنسز اور ویب نارز کا انعقاد،اساتذہ کے تبادلے کے پروگرام ،کیریک انسٹیٹیوٹ میں طلبہ کی انٹرن شپس اور پالیسی بریفز کی مشترکہ اشاعت ہے ۔

اس شراکت داری کے تحت ڈیٹا شیئرنگ کو فروغ دیا جائے گا اور کیریک کے 11 رکن ممالک جن میں افغانستان، چین، پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستیں شامل ہیں کے درمیان تحقیقاتی ڈیٹا بیس تک رسائی میں وسعت پیدا کی جائے گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری، قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے بصیرت افروز اصلاحات اور مضبوط سرمایہ کار معاونت کے ذریعے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے، اور تجارتی ضوابط کو آسان بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔