اسلام آباد، 26 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں سال 2025 کی تیسری قومی پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس مہم کے دوران ملک بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے چار کروڑ پچاس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ انتہائی کٹھن حالات میں ملک کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے والدین سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں کیونکہ پولیو کا کوئی علاج نہیں۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک کے 89 میں سے 50 اضلاع میں سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی ثابت ہوئی ہے، جو ایک تشویشناک صورتِ حال ہے اور ہمارے بچوں کے لیے شدید خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں والدین سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں کہ وہ منفی سوچوں کو ترک کریں اور اپنے بچوں کی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے اس ویکسین کے ذریعے ان کی حفاظت کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک اس ویکسین کے ذریعے پولیو کا مکمل خاتمہ کر چکے ہیں اور یہی واحد راستہ ہے جس سے پاکستان بھی پولیو سے پاک ہو سکتا ہے۔ وزیر صحت نے قوم سے عہد لینے کی اپیل کی کہ سب مل کر اس مہم کو کامیاب بنائیں اور پاکستان کو پولیو سے محفوظ بنائیں۔