سی پیک  گیم چینجر منصوبہ  پورے خطہ کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے،گورنر بلوچستان

7

کوئٹہ، 22 مئی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے  کہ چین پاکستان کاقابل اعتماد پڑوس ملک ہے  جس نے  مشکل کی  ہر گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا  ہے ،سی پیک  گیم چینجر منصوبہ  پورے خطہ کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، چینی قونصلیٹ میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) میگاپراجیکٹ کے 12 سال کی یاد کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد لائقِ تحسین اقدام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں چینی قونصلیٹ کراچی اور بلوچستان اکنامک فورم کے زیرِ اہتمام پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر کراچی میں تعینات چینی قونصل جنرل، سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان جمالی اور بلوچستان اکنامک فورم کے سربراہ سردار شوکت پوپلزئی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سی پیک ایک شاندار گیم چینجر منصوبہ ہے جو پورے خطے کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، متعدد صنعتی زونز کے قیام سے ہمارا مقصد بلوچستان کی ترقی کو آگے بڑھانا اور اقتصادی تعاون کے ذریعے اس کے لوگوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔ گوادرپورے خطے کے معاشی جمود کو ختم کرے گا اور سب کیلئے ایک روشن مستقبل روشن کر ےگا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد چین میں اپنے دورے کے دوران میں متعلقہ ہم منصبوں کے ساتھ پاک چین تعلقات کے حوالے سے سی پیک کی اہمیت اور حالیہ پیش رفت کو اجاگر کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت بجلی کے منصوبے پاکستان کی توانائی کی کمی پر قابو پالیں گے اور نئی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔ چین کے ساتھ ہماری شراکت داری نے اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھی ہے اور ہم اس کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہیں۔ متعدد اقتصادی زونز قائم کیے جائیں گے اور ہمارے مواصلاتی اور نقل و حمل کے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔  گورنر مندوخیل نے کہا کہ میں بلوچستان کو خطے کا معاشی حب بننے کا تصور کرتا ہوں اور پاکستان اس وژن کو حقیقت بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے ہمیں پاک چین دوستی کی طاقت کو بروئے کار لانا ہوگا، آخر میں گورنر بلوچستان نے پروگرام کے منتظمین اور مہمانان گرامی میں یادگاری شیلڈز تقسیم  کیں ۔