اسلام آباد، 23 مئی (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفد نے جہاد اظہور کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال اور جاری آئی ایم ایف پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوا ہے اور اس کے ذریعے ملک میں معاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ترقی پزیر ممالک کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
صدر مملکت نے پاکستان کی معاشی بہتری میں آئی ایم ایف کے تعاون اور کردار کو سراہا اور ادارے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزارتِ خزانہ اور اس کی ٹیم کی جانب سے معیشت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
آئی ایم ایف وفد نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات اور پروگرام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کا پروگرام درست سمت میں گامزن ہے۔ وفد کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام سے ملک میں افراطِ زر پر قابو پانے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور مالیاتی خسارہ کم کرنے میں مدد ملی ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔