صدر مملکت کی شہید اسکواڈرن لیڈرعثمان یوسف کے گھر آمد، اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت

13

اسلام آباد، 16 مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری راولپنڈی میں بھارت کے خلاف معرکہ حق میں شہید ہونے والے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر پہنچے اور شہید کے والد اور دیگر اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔

صدر مملکت نے شہید کی وطن کے لیے خدمات اور دفاعِ وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے، اور پوری قوم اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم اپنے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کے ہمیشہ معترف رہیں گے۔

اس موقع پر صدر مملکت نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔