اہور، 04 مئی(اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی متعدد سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔
چین کے سرمایہ کاروں نے سولر انرجی ، ای وی سیکٹر ،فارماسیوٹیکل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیا۔چین کی سرمایہ کار کمپنیاں پہلے مرحلے میں اسمبلنگ ،دوسرے مرحلے میں مینوفیکچرنگ اور تیسرے مرحلے میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر کریں گی اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ جوائنٹ وینچر بھی کریں گی۔چین کی کمپنیاں پیداواری عمل بارے تربیت کی فراہمی کے لئے پنجاب میں ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ سینٹر بھی بنائیں گی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے کاروباری سرگرمیوں کا پر کششِ مقام بنا دیا ہے، انھوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں 200سے زائد غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں سے مل چکا ہوں، متعدد سرمایہ کار کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف سیکٹر میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ چین کی وی وو موبائل فون کمپنی نے انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں مینوفیکچرنگ پلانٹ کی تعمیر شروع کردی ہے۔ یہ پلانٹ 2سال میں پیداوار شروع کر دے گا۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بن رہا ہے، یہاں 130ایکڑ رقبے پر فارما سیوٹیکل ویلی بھی بنائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ چین کی مزید کمپنیوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گےاور کہا کہ چین کے سرمایہ کار پنجاب میں بائیو ٹیکنالوجی پلانٹ لگائیں ،ہرممکن سہولت دیں گے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ سولر پینلز ،ای وی چار جنگ اور دیگر مصنوعات کی پنجاب میں مینوفیکچرنگ حکومت کی ترجیح ہے۔ٹیوٹا کے اداروں کی لیبز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اور ان اداروں میں سولر سٹڈیز کے کورسز بھی شروع کرائے گئے ہیں ۔
چینی سرمایہ کار نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا بڑا صوبہ ہے اس کے ساتھ اشتراک چاہتے ہیں ،انھوں نے کہا کہ چین میں پاکستان پویلین کا پنجاب کے محکمہ انڈسٹری کے ساتھ لنک بھی قائم کیا جائے گا۔
سابق ایم این اے حامد،پنجاب یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر قیوم،پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے ۔