عطاء اللہ تارڑ کا بین الاقوامی و مقامی میڈیا کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کا دورہ

38

اسلام آباد، 5 مئی (اے پی پی): وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بین الاقوامی اور مقامی میڈیا نمائندگان کے ہمراہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا، جس کا مقصد بھارت کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنا تھا۔

وزارت اطلاعات نے اس دورے میں مقامی و عالمی میڈیا کے نمائندگان کو مکمل سہولیات فراہم کیں تاکہ وہ خود زمینی حقائق کا مشاہدہ کر سکیں۔ میڈیا ٹیموں کو ان مخصوص مقامات پر لے جایا گیا جنہیں بھارت کی جانب سے مبینہ دہشت گردی کے ٹھکانے قرار دیا گیا تھا۔

میڈیا نمائندگان کو موقع دیا گیا کہ وہ زمینی حقائق، مقامی آبادی کی گواہی اور حالات کا خود جائزہ لے کر بھارتی دعوؤں کی صداقت کو پرکھ سکیں۔ دورے کے دوران وزیر اطلاعات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے بارہا پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں لیکن آج ہم نے عالمی اور ملکی میڈیا کے سامنے تمام حقائق رکھ دیے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت جن مقامات کو خیالی دہشت گرد کیمپس قرار دیتا ہے، وہ دراصل عام شہری آبادی کے علاقے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی پرعزم ہے۔ پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے عملی اقدامات سے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ وہ امن کا داعی ہے، تاہم اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر حد تک جانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ الزام تراشی سے پہلے اپنے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے ایل او سی پر پروپیگنڈا کرتا ہے، لیکن آج عالمی میڈیا نے اپنی آنکھوں سے اصل حقیقت کا مشاہدہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے، تاہم کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔