فن لینڈ-پاکستان بزنس سمٹ 2025 کا اسلام آباد میں شاندار آغاز،جام کمال کا معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

20

اسلام آباد، 05 مئی (اے پی پی):فن لینڈ-پاکستان بزنس سمٹ 2025 کا آغاز اسلام آباد میں شاندار انداز میں ہوا۔ وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے سمٹ کا افتتاح کیا اور موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کو اجاگر کیا۔

وزیرِ تجارت نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت نے نمایاں بہتری دکھائی ہے۔ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران مہنگائی میں نمایاں کمی، شرح سود میں کمی اور کرنسی کے استحکام نے معاشی اعتماد کو بحال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں سے عوام کو ریلیف ملا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ مہینے میں منرل، اوورسیز اور HEMS جیسے تین بڑے بین الاقوامی ایکسپوز کا انعقاد سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا مظہر ہے۔HEMS ایکسپو میں 900 سے زائد غیر ملکی مندوبین کی شرکت نے پاکستان کے لیے عالمی سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کیا۔ وزیرِ تجارت کے مطابق پاکستان کا فوڈ سیکٹر 15 ارب ڈالر کی اضافی برآمدات کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یورپی یونین اور فن لینڈ ویلیو ایڈڈ خوراک کے شعبے میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کی سستی، تربیت یافتہ اور نوجوان افرادی قوت سرمایہ کاروں کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہے، جبکہ ملک کی جغرافیائی حیثیت اسے خطے کا گیٹ وے بناتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بڑی بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں اور مزید کمپنیاں جلد متوقع ہیں۔

فن لینڈ کے سفیر ہنو ریپاٹی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے حالات سازگار ہیں۔ سمٹ میں فن لینڈ کی بڑی کمپنیاں نوکیا، ورٹزیلا، میٹسو اور کون نے شرکت کی۔

سمٹ کے دوران توانائی، تعلیم اور اختراع پر خصوصی سیشنز منعقد ہوئے۔ وزیرِ تجارت کے مطابق پاکستان قابلِ تجدید توانائی کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے۔ فن لینڈ کی تعلیمی مہارت سے پاکستان میں ڈیجیٹل لرننگ اور ووکیشنل ٹریننگ کو فروغ حاصل ہو گا۔

وزیرِ تجارت نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ٹیکنالوجی اور مہارت کے ذریعے عالمی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف تجارت نہیں بلکہ طویل المدتی شراکت داری اور مشترکہ منصوبہ بندی ضروری ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان فن لینڈ کے سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔