قومی اسمبلی کا اجلاس، وقفہ سوالات کے دوران مختلف اراکین کاخطاب

15

اسلام آباد14، مئی ( اے پی پی ):قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹرشہلارضا کے سوال پرپارلیمانی امورکے وفاقی وزیرڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے ایوان کوبتایا کہ پی ٹی وی نے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس اورسٹریٹجک وعدوں کوپوراکرنے کیلئے بھاری اخراجات برداشت کئے ہیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت بروز بدھ پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔وفاقی وزیرپارلیمانی امورڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران پی ٹی وی،سرکاری نشریاتی اداروں اورقومی میڈیا نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کی ہیں۔حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران ملک نازک حالات سے گزررہاتھا جس میں پی ٹی وی اورسرکاری نشریاتی اداروں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی میڈیا نے بین الاقوامی طورپر میڈیاکی جنگ درست اورحقائق پرمبنی رپورٹنگ سے جیتی ہے۔ہماری میڈیا نے فعال اورذمہ دارانہ کرداراداکیا۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی وی سے متعلق مسائل کوحل کیاجارہاہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں ملک ابرار نے قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی پاکستان نیوی آرڈیننس 1961 میں مزید ترمیم کرنے کے بل 2025 پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔محمد جاوید حنیف خان نے قائمہ کمیٹی برائے تجارت کی یکم جولائی 2024 تا 31 دسمبر 2024 کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی یکم جولائی 2024 تا 31 دسمبر 2024 کی رپورٹ ڈاکٹر نیلسن عظیم نے ایوان میں پیش کی۔

قائمہ کمیٹی برائے قومی غذائی تحفظ کی یکم جولائی 2024 تا 31 دسمبر 2024 کی رپورٹ رانا حیات نے ایوان میں پیش کی۔قائمہ کمیٹی سائنس وٹیکنالوجی کی یکم جولائی 2024 تا 31 دسمبر 2024 کی رپورٹ خواجہ شیراز محمود نے ایوان میں پیش کی۔قائمہ کمیٹی برائے تخفیف غربت کی یکم جولائی 2024 تا 31 دسمبر 2024 کی رپورٹ شازیہ مری نے ایوان میں پیش کی۔

ایوان کوبتایاگیاہے کہ اب تک 13لاکھ افغان پناگزینوں کووطن واپس روانہ کردیاگیاہے۔بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں انجم عقیل خان کے سوال پرپارلیمانی سیکرٹری مختارعلی ملک نے ایوان کوبتایاملک میں 30لاکھ کے قریب افغان پناہ گزین تھے جس میں 8لاکھ 13ہزار کے پاس ای سی سی کارڈز ہیں،13لاکھ افغان پناہ گزینوں کے پاس پی اوآر کارڈز ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 13لاکھ افغان پناگزینوں کووطن واپس روانہ کردیاگیاہے، ون ڈاکیومنٹ رجیم کے تحت جوافغان شہری پاکستان آنا چاہتے ہیں ان کیلئے دروازے کھلے ہیں،جوبھی افغان شہری علاج، تعلیم یا کاروبارکیلئے آنا چاہتے ہیں انہیں متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ ویزہ لیکرپاکستان آنا ہوگا۔ایوان کا اجلاس کل تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا ۔