قومی اسمبلی کا اجلاس ،ارکان پارلیمنٹ کا  بھارتی جارحیت کا پوری طاقت سے منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین

5

اسلام آباد، 08 مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس بروز جمعرات ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی  غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ نے بھارتی جارحیت کا پوری طاقت سے منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ ہماری خاموشی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،بھارت نے پاکستان کے بارے میں غلط اندازہ لگایا ہے،گزشتہ ماہ پاکستان میں ایک ڈپلومیٹک ایونٹ ہوا جس میں لاکھوں سکھ یاتری پاکستان آئے اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔انہوں نے کہا کہ مودی کے منشور میں کشمیر پر قبضہ اور وہاں کی اقلیتوں کے لیے زمین تنگ کرنا ہے،مودی کا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے کہ وہ جنگ کو ہوا دینا چاہتا  ہے،پہلگام واقعہ پر وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ اس میں ہمارا کوئی کردار نہیں،ہماری خاموشی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مودی نے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا،ہماری مسلح افواج نے بھرپور انداز میں جواب دیا،بھارت کو جن رافیل طیاروں پہ غرور تھا انہیں زمین بوس کر دیا۔

راجہ پرویز اشرف نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ مودی کی سیاست، نفرت کی سیاست ہے،وہ ہمیشہ من گھڑت کہانیاں سنا کر پاکستان پہ الزام لگاتا ہے،پہلگام میں بھی اسی طرح فالس فلیگ آپریشن کے بعد رات کی تاریکی میں بھارت نے حملہ کیا۔

ارکان پارلیمنٹ نے تحریک پر بحث  کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے اور اس عزم کا اظہار  کیا کہ پاکستان بھارتی حملے میں شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں کے خون کا بدلہ لے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے امن کا خواہاں ہے تاہم وہ اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

شاہدہ اختر نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔  انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کے سامنے ہندوستان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششوں کو بڑھانا چاہیے۔

 ثمینہ  کھرکی نے موجودہ صورتحال میں تمام سیاسی جماعتوں کے اتحاد اور یکجہتی پر اطمینان کا اظہار کیا۔