اسلام آباد، 29 مئی ( اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے “محتسب: بین الاقوامی معیارات کی تعمیل” کے موضوع پر ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محتسب ادارے قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے، شکایات کے ازالے اور گڈ گورننس کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوامی شکایات کو فوری اور بغیر کسی مالی خرچ کے حل کرنے کے لیے ایک قابل اعتماد فورم کے طور پر ابھرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیارات کی تعمیل پوری دنیا میں محتسب کے اداروں کے کام کو زیادہ معتبر اور قانونی حیثیت دیتی ہے۔
نسٹ لاء سکول کے پرنسپل اور ڈین جسٹس (ریٹائرڈ) ایم نواز واہلہ نے اپنے کلیدی خطبہ میں بین الاقوامی معیارات کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو محتسب اور ثالثی اداروں کے کام کو نمایاں کرتے ہیں۔