ملتان 07 مئی )اے پی پی): منیجنگ ڈائریکٹر واسا خالد رضا خان کی ہدایت پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی سربراہی میں کچہری چوک سے گھنٹہ گھر تک نکالی جانے والی ریلی میں واسا افسران وملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پاک فوج سےاظہار یکجہتی کے لیے شرکاء نے پاک فوج زندہ باد ،بھارت مردہ باد کے نعروں پر مشتمل پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے اس دوران شرکاء نے رات کی تاریکی میں پاکستانی نہتے معصوم شہریوں پرحملے اور بھارتی فوج کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشتگرد وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے ۔
اس موقع پر ایم ڈی واسا خالد رضا خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ،پاک فوج نے انڈیا کو منہ توڑ جواب دے کر بہادری کی تاریخ رقم کی ہے پاک فوج مادر وطن کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔ حکومت اور پاک فوج آئندہ بھی بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہر دم تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد کی پوری قوم بیدار ہے اور ملک کے دفاع کے لیے حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت نے پہلگام ڈرامے کی آڑ میں آبی دہشت گردی کی جو سازش تیار کی تھی پوری دنیا میں بھارت کۓ جھوٹ کا پول کھل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد مودی کو بر وقت اور مؤثر جواب دینے پر پاک فوج کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم نے اج پاک فوج سے جس یکجہتی کا اظہار کیا ہے ان تاریخی لمحات کی مثال نہیں ملتی ۔