ملتان ڈویژن میں3 روزہ قومی پولیومہم 26 مئی سے شروع

7

 ملتان،24مئی(اے پی پی ): ملتان ڈویژن میں 3 روزہ قومی پولیو مہم 26مئی سے شروع ہوگی۔اس سلسلے میں کمشنر عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے شہباز شریف ہسپتال میںبچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔پولیومہم کے دوران ڈویژن میں 10 ہزار سے زائد ٹیمیں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائیں گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے کہاکہ پولیو فری پاکستان کیلئے والدین کا تعاون ناگزیر ہے۔اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو سے بچاو کے قطرے پلائیں۔انہوں نے کہاکہ پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہاکہ شہر اولیاءمیں 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے۔انہوں نے کہاکہ جنرل بس سٹینڈ سمیت عوامی مقامات پر پولیو کیمپ بھی قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ 3 ہزار سے زائد فیلڈ ٹیمیں گھروں اور عوامی مقامات پر خصوصی پولیو مہم میں شریک ہونگی۔وسیم حامد سندھونے کہاکہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کیلئے جامع پلان تشکیل دیا گیا ہے۔تقریب کے اختتام پر کمشنرملتان اور ڈپٹی کمشنر نے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔