ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے،وزیر اعظم

20

اسلام آباد، 13 مئی( اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔ملکی ترقی کیلئے سب کو اپنی ذمہ داری کو نبھانا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   ‎ایف بی آر کی ٹیکس کے دائرہ کار بڑھانے اور ٹیکس آمدن میں اضافے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیرِ اعظم نے رواں مالی سال میں ایف بی آر کے آمدن کے اہداف کے حصول کی جانب تیزی سے گامزن ہونے پر حکومتی معاشی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد اور شعبے جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں اور ٹیکس نہیں دیتے، انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے جبکہ ٹیکس چوری کرنے والے افراد و شعبوں کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوروں کی معاونت کرنے والے افسران و اہلکاروں کا بھی کڑا احتساب کیا جائے۔وزیراعظم نےٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،ٹیکس کی شرح کو کم کرکے عام آدمی پر بوجھ کو کم کرنا چاہتے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو رواں برس جون تک مکمل کرنے سمیت تمباکو کے شعبے میں ٹیکس آمدن کے حصول کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹیکس سے متعلق زیر التوا مقدمات کی مؤثر انداز سے پیروی کرکے ملک و قوم کے پیسے کا حصول یقینی بنایا جائے۔

‎اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں سیمنٹ پلانٹس میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے مکمل نفاذ سے ٹیکس آمدن میں اربوں روپے کا اضافہ ممکن ہوا۔

‎اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ چینی کی صنعت میں اس نظام کے نفاذ سے نومبر 2024 سے اپریل 2025 تک ٹیکس آمدن میں 35 فیصد کا اضافہ ہوا۔

‎اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں ایف بی آر اصلاحات کی بدولت ٹیکس آمدنی کا جی ڈی پی کا 10 اعشاریہ 6 فیصد کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔