مظفر آباد، 07 مئی (اے پی پی): وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت حالیہ بھارتی حملوں کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مرکزی ایمرجینسی ریسپانس سنٹر قائم کر دیا گیا ، ہنگامی صورتحال کے پیش نظر مرکزی ریسپانس سنٹر 24 گھنٹے کام کرے گا، ایمرجنسی رسپانس سنٹر میں تینوں ڈویژن کے کمشنرز،ڈی آئی جیز،ڈی سیز،اورایس ایس پیز شامل ہوں گے،مرکزی ریسپانس سنٹرصورتحال کے بارے میں وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گا۔
اجلاس میں ایمرجنسی ہیلتھ رسپانس سنٹر اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں ایمرجنسی انفارمیشن ریسپانس سنٹر قائم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایمرجنسی ہیلتھ ریسپانس سنٹر اور پی آئی ڈی ایمرجنسی رسپانس سنٹر، قائم مرکزی ریسپانس سنٹر سے مکمل رابطہ میں رہیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی جارحیت قبول نہیں،یہ سنٹرز 24 گھنٹے کام کریں گے اور ہنگامی صورتحال کے بارے میں مفصل طور پر آگاہ رکھیں گے ، بھارتی جارحیت کی بدولت ایل او سی پر شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے ورثاء کی بھرپور مدد کی جائے ، زخمیوں کی فور ی طبی امداد کو بھی ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے، لائن آف کنٹرول پر تمام سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے ، خوراک اور ادویات سمیت تمام جملہ سہولیات کو بھی یقینی بنایا جائے ، بھارتی جارحیت کی بدولت ہونے والے مال مویشیوں اور مکانات کے نقصانات کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے ، شہریوں کی ہر ممکن امداد کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں ، صورتحال کے جائزے کے لیے کابینہ کی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی فوری اجلاس بلائے۔صورتحال کو دیکھتے ہوئے فوری منصوبہ بندی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں ، لائن آف کنٹرول کے حلقوں میں بی ایچ یوز اور دیگر صحت کے مراکز کو تیار رکھا جائے ، ادویات سمیت عملہ کی کمی کو 24 گھنٹے میں پورا کیا جائے گا۔