وزیراعظم سے پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر کی ملاقات

23

اسلام آباد، 12 مئی ( اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوعلو نے پیر کو    ملاقات کی۔

 وزیراعظم نے جنوبی ایشیاء میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنے پر صدر رجب طیب اردوان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور  کہا کہ اپنی مستقل حمایت کے ذریعے صدر اردوان نے ایک بار پھر پاکستانی عوام کے دل جیت لئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کی تاریخ میں ایک نئے اور شاندار باب کا اضافہ ہوا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور کہا  کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے  ذریعے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور اس کے مذموم عزائم کو ناکامی سے دوچار کیا،

  انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ سے جنوبی ایشیاء میں امن کا خواہاں ہے لیکن وہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کو کبھی قبول نہیں کرے گا۔

دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا،ترک سفیر نے فوجی اور سفارتی کامیابی پر وزیراعظم اور پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے عوام پاکستان کی کامیابیوں پر خوش ہیں اور جنوبی ایشیاء میں امن کے لیے اس کی کوششوں اور عزم کو سراہتے ہیں۔