وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دو روزہ دورہ تاجکستان اختتام پذیر

6

دوشنبے، 30 مئی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورہ مکمل کر کے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے سے وطن واپس روانہ ہو گئے۔

دوشنبے ائیرپورٹ پر تاجک نائب وزیراعظم حکیم خلیق زادہ نے وزیراعظم کو الوداع کہا۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

دورہ تاجکستان کے دوران وزیراعظم نے تاجک صدر امام علی رحمان  سے دو طرفہ ملاقات کی جس میں پاکستان اور تاجکستان کے مابین تجارت، توانائی، علاقائی سلامتی، اور ماحولیاتی تحفظ سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں حالیہ بھارت ـ پاکستان کشیدگی کے دوران تاجکستان کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر تاجک صدر کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران دوشنبے میں گلیشیرز کے تحفظ پر ہونے والی اعلیٰ سطحی عالمی کانفرنس میں شرکت کی اور عالمی برادری کو پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے گلیشیرز کے تحفظ کے لیے پاکستان کے پختہ عزم پر روشنی ڈالی۔