‎وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت کم لاگت رہائشی منصوبوں کیلئے ہاوسنگ شعبے کی ترقی پر قائم کردہ ٹاسک فورس کا جائزہ اجلاس

6

‎اسلام آباد،21  مئی ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت کم لاگت رہائشی منصوبوں کیلئے ہاوسنگ شعبے کی ترقی پر قائم کردہ ٹاسک فورس کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا،اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ‎حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں سے گھروں کے حصول میں آسانی پیدا کرے جبکہ‎کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں سے نہ صرف رہائشی منصوبے عام آدمی کی دسترس میں آئیں گے بلکہ ملکی معیشت ترقی کرے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ‎ٹاسک فورس وزارت خزانہ اور بینکوں کے ساتھ مل کر کم لاگت رہائشی منصوبوں کی فنانسنگ کی سفارشات جلد پیش کرے جسے بجٹ تجاویز کا حصہ بنایا جائے۔اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے  تعمیراتی شعبے کی ترقی کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔‎اجلاس میں وزیرِ اعظم کو حکومت کی جانب سے کم لاگت رہائشی منصوبوں کے اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

‎اجلاس کو بتایا گیا کہ کنڈومونیم ایکٹ  2025 اور فور کلوژئر قانون (Foreclosure Law) میں ترامیم اپنے حتمی مراحل میں ہیں جن کی منظوری کے بعد کم لاگت رہائشی منصوبوں کے تحت گھروں کی تعمیر و ملکیت کیلئے قرضوں کا حصول آسان ہوگا۔‎اجلاس کو ٹاسک فورس کی جانب سے تعمیراتی شعبے بالخصوص کم لاگت رہائشی منصوبوں کے آغاز سے متعلق اب تک کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔