وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت اور قازقستانی سفیر کے درمیان ملاقات، باہمی تجارت، روابط اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال

7

اسلام آباد، 8 مئی (اے پی پی):قازقستان کے سفیر برائے پاکستان، یرژان کیستافن نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے باہمی تجارت اور علاقائی روابط کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

رانا احسان افضل خان نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تاریخی اور خوشگوار تعلقات کو جامع اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ دونوں ممالک کو یکساں فوائد حاصل ہو سکیں۔

سفیر یرژان کیستافن نے بتایا کہ 2023-24 کے دوران پاکستان اور قازقستان کے درمیان دو طرفہ تجارت 172.5 ملین امریکی ڈالر رہی، جن میں سے 170.82 ملین ڈالر پاکستان کی برآمدات پر مشتمل تھیں۔

انہوں نے رانا احسان افضل کو جون کے آخر میں قازقستان میں ہونے والے بزنس فورم سے بھی آگاہ کیا اور پاکستانی اسٹیک ہولڈرز کو اس میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔

سفیر نے پاکستان ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (TDAP) اور قازقستان کی متعلقہ ایجنسی کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تجویز بھی پیش کی، تاکہ دونوں ممالک کے تجارتی اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دیا جا سکے۔

ملاقات میں ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دینے اور کاروباری وفود کے لیے ویزا سہولیات جیسے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

رانا احسان افضل خان نے ان تجاویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان باہمی تجارتی مفادات کو فروغ دینے اور وسطی ایشیا کے ممالک کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے علاقائی معاشی انضمام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے حالیہ مثبت پیش رفت کا بھی ذکر کیا، جن میں 29 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والا پاکستان-قازقستان بین الحکومتی کمیشن (IGC) کا 13واں اجلاس اور 28 اپریل کو کراچی میں منعقدہ بزنس فورم شامل ہیں، جن میں پاکستان اور قازقستان کی 330 سے زائد کمپنیوں نے بی ٹو بی ملاقاتوں اور صنعتی دوروں میں حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قازقستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔