وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی ایف پی سی سی آئی وفد سے ملاقات

8

اسلام آباد، 22 مئی ) اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت ہارون اختر خان نے آج اسلام آباد میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے وفد سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ناجائز مداخلت، بھاری ٹیکسز اور ٹیرف میں حائل رکاوٹوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہارون اختر خان نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبرز کے مسائل کے حل کے لیے میں دن رات محنت کر رہا ہوں اور تمام متعلقہ مسائل کو یکجا کر کے ایک جامع فریم ورک کی تیاری جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح ہدایت دی ہے کہ کاروباری طبقے کے لیے مؤثر پالیسی سازی کی جائے اور اس مقصد کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں، ہارون اختر خان نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم کی بنائی ہوئی کمیٹیاں بزنس کمیونٹی کو بہترین پالیسی فریم ورک فراہم کریں گی ۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں جانب سے باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔