مسقط ، 04مئی(اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی عمان کے ایک روزہ سرکاری دورہ پر مسقط پہنچ گئے۔مسقط ائیرپورٹ آمد پر وفاقی وزیرداخلہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
مسقط کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام ، سیکرٹری داخلہ خالد بن ہلال بن سعود البوسیدی ، عمان میں پاکستان کے سفیر سید نوید صفدر بخاری اور دیگر شخصیات نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔
دورہ کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی اور خالد بن ہلال بن سعود کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے خالد بن ہلال کا کہنا تھا کہ عمان آمد پر آپ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہعمان کے ساتھ انسداد منشیات اور انسداد انسانی سمگلنگ کے ضمن میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
دورہ کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی عمان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اورخطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں عمان حکومت کو پاکستان کے موقف سے آگاہ کریں گے۔