وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان اور روسی نمائندے ڈینس نزاروف کے درمیان ملاقات

12

اسلام آباد، 13مئی(اے پی پی):آج وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان اور روسی نمائندے  ڈینس نزاروف کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں نئی اسٹیل مل کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقین نے کراچی میں اسٹیل مل کے قیام کے لیے تعاون پر اتفاق کیا اور اس منصوبے کی ترقی اور عمل درآمد کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر رضامندی ظاہر کی۔

ملاقات کے دوران  ہارون اختر خان نے وزیرِ اعظم کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور یہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک بہترین وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ اور مستحکم سرمایہ کاری کا مرکز بن چکا ہے جسے عالمی برادری نے تسلیم کیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسٹیل کے شعبے میں پاکستان اور روس کے درمیان تعاون دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ ہارون اختر خان نے روسی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔

یہ ملاقات پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اسٹیل کے شعبے سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے آغاز کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔