وزیر تجارت جام کمال خان سے آل پاکستان سالونٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

12

اسلام آباد، 5 مئی(اے پی پی):وزیر تجارت جام کمال خان سے آل پاکستان سالونٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن (APSEA) کے چیئرمین زین محمود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں سویابین اور کینولا کی درآمدات پر ٹیرف میں تبدیلی کے ذریعے مقامی پیداوار کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

زین محمود نے مقامی کسانوں کے تحفظ اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹیرف اسٹرکچر میں مناسب تبدیلیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیرف میں اصلاحات سے پاکستان میں آئل سیڈز کی کاشت اور پروسیسنگ کو فروغ ملے گا، جس سے درآمدات پر انحصار کم ہو گا اور خود انحصاری کو فروغ حاصل ہو گا۔

چیئرمین اے پی ایس ای اے نے سورج مکھی، سویابین اور کینولا سمیت مختلف آئل سیڈز کی پیداوار بڑھانے کے لیے متعدد تجاویز بھی پیش کیں تاکہ ملکی درآمدی بل میں کمی لائی جا سکے اور مقامی صنعت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے وفد کو حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت تجارت ایسی پالیسیوں کو فروغ دے گی جو مقامی زرعی ویلیو چین اور صنعتی ترقی کے لیے مددگار ثابت ہوں۔

وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل اور سیکرٹری تجارت جواد پال بھی اس موقع پر موجود تھے۔

یہ ملاقات حکومت کی صنعت سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ پالیسی سازی میں مشاورت کے جاری عمل کی عکاسی کرتی ہے۔