اسلام آباد، 03 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نیشنل پولیس بیورو میں اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےنیشنل پولیس بیورو کو جدید تقاضوں کےمطابق ڈھالنے کے لیے ایکشن پلان طلب کرلیا-
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں پولیسنگ نظام کو بہتر بنانے میں نیشنل پولیس بیورو کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ملک بھر میں پولیسنگ کے سلسلے میں پالیسی سازی، ریفارمز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین تعاون کو یقینی بنانے میں اس ادارے کا کلیدی کردار ہونا چاہیئے جبکہ نیشنل پولیس بیورو کو وقت کے تقاضوں کے مطابق بھرپور طریقے سے فعال کرنا ہو گا۔ محسن نقوی نے ریسرچ اور انالیسس کیلئے سافٹ ویئر فوری طور پر خریدنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سافٹ ویئر سے ملک کے مختلف حصوں میں جرائم سے متعلق جائزہ و تجزیہ کرنا ممکن ہو سکے گا محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کے تحت پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کی فراہمی کے عمل کو بھی جلد نمٹانے کی ہدایت کی-
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے اور زیادہ سے زیادہ افسران کو بیرون ملک ٹریننگ اور پوسٹنگ پر بھیجا جائے۔
ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو آئی جی عبد الخالق شیخ نے ادارے سے متعلق وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔