وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہولی فیملی ہسپتال آمد ،بھارتی ڈرون حملے کے زخمی توقیر عباس کی عیادت

7

اسلام آباد، 14 مئی (اے پی پی): وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بھارتی ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے محنت کش توقیر عباس کی عیادت کی۔

 توقیر عباس راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب بھارتی ڈرون دہشت گردی کا نشانہ بنے والے شہید علی حیدر کے کزن ہیں۔ شہید علی حیدر آٹھ بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے۔وزیر داخلہ نے توقیر عباس کے بلند حوصلے کو سراہا اور ان کی زخمی ہونے والی آنکھ کے علاج کے حوالے سے ڈاکٹروں سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے واضح ہدایت کی کہ توقیر عباس کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کی آنکھ کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔محسن نقوی نے توقیر عباس کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے شہداء کی قربانیوں کے صدقے ہمیں فتح سے نوازا ہے۔

واضح رہے کہ شہید علی حیدر اور ان کے دو کزن توقیر عباس اور منظور فیصل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے باہر چِیز برگر فروخت کر کے اپنے خاندان کی کفالت کر رہے تھے۔