اسلام آباد، 21 مئی (اے پی پی ): چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اسلام آباد شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کے افتتاح سے قبل بیوٹیفکیشن اور شجرکاری کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے اطراف لینڈ سکیپنگ کا کام شروع کردیا گیا ہے، مری روڈ انڈر پاس کے اطراف اربن فاریسٹ بھی بنایا جائے گا جس سے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں فیض آباد انٹرچینج کی توسیع کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا جبکہ اجلاس کو بتایا گیا کہ فیض آباد انٹرچینج منصوبے کی توسیع کیلئے ٹینڈرجاری کردیا گیا ہے اور اگلے ماہ تک تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں اسلام آباد شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے مزید 20 مقامات کی نشاندہی کی گئی جہاں پر زیادہ رش ہوتا ہے، ان 20مقامات میں سے 11 مقامات پر ٹریفک کے مسائل کے حل کرلئے گئے ہیں جبکہ 9 مقامات پر ٹریفک مسائل کیلئے متعلقہ حکام کو اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں شاہین چوک کیلئے انڈر پاس اور توسیع کیلئے ڈیزائن کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔بریفننگ میں بتایا گیا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں ہوسٹل اور ہسپتال کے قیام کے حوالے سے تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، پاک سیکریٹریٹ کی اپ گریڈیشن کے کام کا آغاز بھی جلد کردیا جائے گا جبکہ ڈپلومیٹک انکلیو کی تزئین و آرائش کیلئے روڈ انفراسٹرکچر کا کام، شجرکاری اور ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں بین الاقوامی طرز کے شاپنگ سینٹر کے قیام کے حوالے سے ورکنگ کی جائے۔ڈپلومیٹک انکلیو کے داخلی اور خارجی دروازوں کے جدید اور خوبصورت ڈیزائن جن پر پاکستان کی ثقافت و کلچر کو نمایاں کیا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے گندھارا سٹیزن کلب کو آپریشنل اور سپورٹس ایرنا کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی جبکہ بریفننگ میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے ماڈل نرسری کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے کام جاری ہے۔
اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کی پی ڈبلیو ڈی سے ٹرانسفر کئے گئے پراجیکٹس کی الگ سے فہرست اور انکی فزیکل اور مالیاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ سیکٹر ڈویلپمنٹ میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سیکٹر سی چودہ میں ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، اس کے علاوہ سیکٹر سی پندرہ کے ترقیاتی کاموں کو شروع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی اجلاس میں سیکٹر ای بارہ، آئی بارہ اور پارک انکلیو کے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔
اجلاس کو سیکٹر آئی پندرہ کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 85 فیصد سے زائد ترقیاتی کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سیکٹر ڈویلپمنٹ میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ اسلام آباد شہر میں رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ نئے پراجیکٹ پر کام کا آغاز کیا جاسکے۔