وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کا پاکستان بزنس کونسل فورم کا دورہ

5

کراچی، 30 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پاکستان بزنس کونسل فورم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کاروباری برادری سے ملاقات کی اور سمندری تجارت کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ معیشت کی ترقی میں بندرگاہوں کا کلیدی کردار ہے اور حکومت اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ان کی شکایات کا فوری حل نکالا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت کے فروغ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ نہایت اہم ہے اور حکومت اس ماڈل کو فروغ دینے کے لیے مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے دی گئی تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور بحری امور کے حوالے سے قریبی اشتراک عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔

جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ انہوں نے کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی بات چیت کی ہےتاکہ  صوبائی اور وفاقی سطح پر ہم آہنگی کے ساتھ اقدامات کیے جا سکیں۔

پاکستان بزنس کونسل نے وفاقی وزیر کے دورے اور ان کے اقدامات کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے عملی اقدامات سے بندرگاہی شعبے اور بحری تجارت کو نئی جہت ملے گی۔