وفاقی وزیر تجارت کا اوساکا ایکسپو 2025 میں شرکت ،پاکستان کی تجارتی صلاحیت اور گلابی نمک کی جدت کو اجاگر کیا

4

‎اوساکا وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، جو اس وقت جاپان کے سرکاری دورے پر ہیں، انہوں نے ایکسپو 2025  کے موقع پر  پریس کانفرنس سے خطاب ، 28 مئی ( اے پی پی): کیا۔

‎ایکسپو میڈیا روم میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے عالمی تجارتی جدت، پائیداری، اور ثقافتی سفارت کاری کے حوالے سے پاکستان کے عزم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے “ Universe in a Grain of Salt”  کے عنوان سے پاکستان پویلین کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو ملک کے قدرتی وسائل اور ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔

‎وفاقی وزیر نے جاپان ایسوسی ایشن کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی معاونت کے بغیر پاکستان پویلین کا خواب حقیقت میں تبدیل کرنا ممکن نہ تھا۔

‎انہوں نے پاکستان کی برآمدات میں ویلیو ایڈیشن (قدر میں اضافہ) کی وسیع گنجائش پر زور دیا، خاص طور پر ٹیکسٹائل کے شعبے میں پاکستان کی برتری، اور چمڑے، سرجیکل آلات، اور کھیلوں کے سامان جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے زرعی شعبے، خاص طور پر چاول کی برآمدات، اور آئی سی ٹی کے شعبے میں پاکستان کے ہنرمند نوجوانوں کو عالمی منڈی کے لیے قیمتی اثاثہ قرار دیا۔

‎اس سے قبل دن کا آغاز وزیر تجارت نے جاپان ایسوسی ایشن کے نمائندگان سے رسمی ملاقات سے کیا، جس کے بعد پاکستان، جاپان، تاجکستان، فلسطین، برطانیہ، چین، یو اے ای، قطر، فرانس، امریکہ، آذربائیجان، ترکی، اور سعودی عرب کے پویلینز کا دورہ کیا گیا۔ ان دوروں کے دوران ثقافتی تبادلے اور تجارت و پائیداری پر گفتگو کے مواقع پیدا ہوئے۔

‎وزیر نے پاکستان پویلین کے منفرد ڈیزائن کو سراہا، جس میں نمک سے بنی فرش، ہیلنگ گارڈن، فن پارے، اور انٹرایکٹو نمائشیں شامل ہیں۔ یہ ڈیزائن ایکسپو کے مرکزی تھیم “Designing Future Society for Our Lives” اور ذیلی تھیم “Saving Lives” سے ہم آہنگ ہے، جو قدرتی عناصر جیسے کہ گلابی نمک کی شفائی اور پائیدار خصوصیات کو اجاگر کرتا ہے۔

‎انہوں نے کہا کہ گلابی نمک صرف ایک پروڈکٹ نہیں بلکہ ایک تجربہ اور ہمارے قدرتی وسائل کی نمائندگی ہے،ہم اس کی عالمی سطح پر موجودگی کو بڑھانے کے لیے اختراع اور پائیدار استعمالات پر کام کر رہے ہیں۔

‎پریس کانفرنس کے اختتام پر وزیر تجارت نے جاپان ایسوسی ایشن کے اراکین اور عالمی مہمانوں کو دعوت دی کہ وہ 14 اگست  کو پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات اور آئندہ منعقد ہونے والی فوڈ ٹیسٹنگ اور تجارتی نمائشوں میں شرکت کریں۔ “یہ ایکسپو صرف اقوام کی نمائش نہیں، بلکہ خیالات، ثقافتوں، اور مستقبل کے حوالے سے مکالمے کا ذریعہ ہے جبکہ پاکستان اس مکالمے میں بھرپور شرکت اور تعاون کے لیے تیار ہے۔