اسلام آباد، 17 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ملاقات کی ہے، وزارت داخلہ آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا خیر مقدم کیا ملاقات میں پاکستان برطانیہ تعلقات ، دوطرفہ تعاون اور ترقیاتی شراکت داری پر تبادلہ خیال ہوا-
دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں آہنی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ تعلقات اور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں-
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپ سکیل پروگرام کے تحت خصوصی تعاون پر برطانوی حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپسکیل پروگرام منظم جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جبکہ پروگرام کے تحت غیر قانونی امیگریشن، بچوں سے متعلق آن لائن ہراسانی، میوچوئل لیگل اسسٹنس و ایکسٹراڈیشن، کریمنل ریکارڈ کے تبادلے، سیکس آفنڈر مینجمنٹ، غیر قانونی فنڈنگ اور انسداد منشیات کے شعبوں پر باہمی اشتراک سے کام کیا جا رہا ہے-وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہاپ سکیل پروگرام کے تحت دونوں ممالک کے مابین سریس اور منظم جرائم کی روک تھام میں تعاون کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ نے افغان مہاجرین کی برطانیہ منتقلی میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ اپسکیل پروگرام کامیابی سے جاری ہے-











