وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ

19

اسلام آباد،15 مئی (اے پی پی ): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے آج لاہور ریلوے اسٹیشن کا بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد اسٹیشن کی سہولیات، صفائی ستھرائی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لینا تھا۔

وزیر ریلوے نے اسٹیشن پر صفائی کے معیار اور کھانے کی کوالٹی کو چیک کیا اور متعلقہ حکام کو واضح ہدایات دیں کہ مسافروں کو بہترین اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر نے لاہور اسٹیشن پر ایسکیلیٹر لگانے کے منصوبے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ویٹنگ ایریا اور بزنس لاؤنج کو آئندہ 60 دنوں میں مکمل اپ گریڈ کیا جائے، تاکہ مسافروں کو آرام دہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ویٹنگ ایریا میں ائیر کنڈیشننگ کی تنصیب جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ گرمی کے موسم میں مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

وزیر ریلوے نے پلیٹ فارم پر موجود مسافروں سے براہِ راست گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور سروسز کے بارے میں فیڈبیک لیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آپ ہر آنے والے دن میں ہماری سروسز میں بہتری پائیں گے۔ ہمارا مقصد پاکستان ریلوے کو جدید، بااعتماد اور عوام دوست ادارہ بنانا ہے۔

وفاقی وزیر نے اسٹیشن انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔