اسلام آباد، 13 مئی )اے پی پی ):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت سید عمران احمد شاہ کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں وزارتوں کے درمیان فلاحی مقاصد کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کا مقصد معاشرے کے نچلے طبقے کو طبی اور مالی امداد فراہم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کرنا تھا۔
ملاقات میں غریب مریضوں کی مدد کے لیے ڈیٹا شیئرنگ سسٹم متعارف کرانے پر بھی غور کیا گیا، جس سے مستحق افراد کی بروقت نشاندہی اور امداد ممکن بنائی جا سکے گی۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزارتِ صحت کے تحت اسپتالوں کی سہولیات بہتر بنائی جا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق مریضوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔
وزیر تخفیف غربت سید عمران احمد شاہ نے بتایا کہ پاکستان بیت المال کو معذور افراد کے لیے وہیل چیئرز خریدنے کی ہدایت دے دی گئی ہے، جو معذور افراد کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ تخفیف غربت کے تمام اداروں کو قومی فریم ورک کے تحت لانے کا ارادہ ہے تاکہ امدادی کاموں میں ہم آہنگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے دونوں وزارتوں کے درمیان تعاون انتہائی اہم ہے۔ سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان بیت المال کے سہولت ڈیسک کو پمز اور دیگر سرکاری اسپتالوں میں مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ مستحق افراد کو بروقت اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔دونوں وزراء نے ایک مشترکہ ورکنگ پیپر تیار کرنے کی ہدایت جاری کی تاکہ اس اشتراک کو عملی شکل دی جا سکے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس اشتراک سے نچلے طبقے کی زندگی میں مثبت اور پائیدار تبدیلی آئے گی۔
مزید تفصیلات آئندہ اجلاس میں سامنے لائی جائیں گی، جہاں مشترکہ منصوبوں کی منظوری اور عملدرآمد کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔